Emergency Help! +92 347 0005578
Advanced
Search
  1. Home
  2. اگر عود
اگر عود

اگر عود

  • October 16, 2024
  • 0 Likes
  • 6 Views
  • 0 Comments

اگر/ عود

Hakeem Syed Abdulwahab Shah

(تحریر و تحقیق: حکیم سید عبدالوہاب شاہ)

نام :

عربی میں عود غرقی۔ فارسی میں عود ہندی۔ سندھی میں اگر کاٹھی۔ سنسکرت میں اگرو ۔  چین میں چن ژیانگ ، جاپان میں جینکوہ  کہتے ہیں۔

نام انگلش:

EagleWood

Scientific name: Aquilaria malaccensis

تاثیری نام:

مولد صفراء، مقوی، مطیب، ملطف

مقام پیدائش:

ملائیشیا، میانمار، سماٹرا، بورنیو جزیرہ، فلپائن، بنگلہ دیش، ویت نام، چین اور ہندوستان

مزاج  طب یونانی: 

گرم خشک درجہ دوم

مزاج  طب پاکستانی: 

غدی عضلاتی

عود EagleWood
عود EagleWood

یہ بھی پڑھیں: افیون افیم

یہ بھی پڑھیں: اشنان لانا بوٹی

یہ بھی پڑھیں: افسنتین

عود EagleWood

تعارف:

عود کی لکڑی جس درخت سے حاصل کی جاتی ہے اس کا مشہور عام نام ایکیولیریا ہے۔اگر یا عود کا ایک بڑا درخت ہوتا ہے جس کی لمبائی پچاس ساٹھ فٹ سے سو فٹ تک ہوتی ہے۔اس کے ساتھ گچھوں کی شکل میں پھول لگتے ہیں اور اس کے پھل امرود یا  آڑو کی طرح ہوتے ہیں، اور ان کے اندرمینڈک کے بچوں کی طرح  بیج ہوتے ہیں۔اس کی چھوٹی شاخیں ملائم ہوتی ہیں، اس کے پتے تین انچ تک لمبے ہوتے ہیں۔اس درخت کی تازہ لکڑی سے خوشبو آتی ہے، پرانے درختوں کی لکڑی اندر سے سیاہ ہوتی ہے جس میں سے شہد کی طرح خوشبو آتی ہے، اسے جلانے پر بھی خوشبو آتی ہے، بہترین اگر کی لکڑی وہ تصور کی جاتی ہے جو پانی میں ڈوب جائے، اسے ہی عود غرقی کہتے ہیں۔سب سے بہترین عود بنگال کے علاقے سلہٹ کا مانا جاتا ہے جو اندر سے سیاہ رنگ کا ہوتا ہے۔دنیا بھر میں اس کی بے حد مانگ اور اندھادھند کٹائی کی وجہ سے عالمی طور پر اس درخت کو ناپید ہونے کے خطرے سے دوچار درختوں کی لسٹ میں شامل کیا گیا ہے،کیونکہ اس کی نشونما میں 25 سے 30 سال لگ جاتے ہیں، اور پیداوار بہت کم ہوتی ہے۔

اگر یعنی عود کے درخت سے ایک رال نکلتی ہے جو مختلف طبی مقاصد کے لیے استعمال ہوتی ہے، یہ رال اس وقت نکلتی ہے جب درخت کسی چیز کا خطرہ محسوس کرتا ہے تو اپنے دفاعی سسٹم کے تحت یہ رال خارج کرتا ہے، مثلا درخت پر کوئی کیڑے، فنگس حملہ آور ہو جائیں، یا آسمانی بجلی گر جائے ، یا درخت زخمی ہو جائے، یا درخت کو بیماری لگ جائے  تو رال نکالتا ہے، اور یہ رال بہت قیمتی چیز ہوتی ہے، اگرچہ اب لوگ خود درخت کے ساتھ مختلف قسم کی چھیڑ چھاڑ کرکے بھی یہ رال نکالتے ہیں۔

اگریعنی عود  کی لکڑی کا تیل دنیا کے سب سے مہنگے ترین تیلوں میں سے ایک ہے جس کے ایک لیٹر کی قیمت پچاس سے اسی ہزار ڈالر ہے یعنی 2024 میں پاکستانی روپے میں یہ قیمت تقریبا دو کروڑ بنتی ہے۔اسی طرح عود کی عطر بھی تمام عطریات میں سب سے مہنگی عطر ہوتی ہے۔

رسول اللہ ﷺ کو عطر بہت پسند تھا۔ خاص طور پر مشک اور عود کی خوشبو محبوب تھی۔ آپ ﷺ کا ارشاد ہے کہ تمہیں چاہئے کہ عود ہندی کا استعمال کرو کیونکہ اس میں سات بیماریوں کا علاج ہے۔ان میں ایک ذات الجنب۔۔۔۔

عودِ ہندی دوقسم کی ہوتی ہے، ایک تو قسط، جو دوائوں میں مستعمل ہے اور اسے عام طور پر قسط کہتے ہیں اور دوسری قسم کو خوشبو میں استعمال کیا جاتا ہے اس کو القرہ کہتے ہیں، سب سے عمدہ سیاہ اور نیلگوں رنگ کی ہوتی ہے جو سخت، چکنی اور وزن دار ہوتی ہے اور سب سے خراب ہلکی پانی پر تیرنے والی ہوتی ہے۔مزاج گرم خشک ہے ، مقوی قلب وحواس ہے۔

’’ آنحضرتﷺ نے کئی مرتبہ القرہ میں کافورڈال کر بخور کیا ہے۔‘‘( ابودائود)

اور عودِ ہندی ، جسے قسط کہتے ہیں، اس کے بارہ میں ارشاد نبویﷺ ہے:’’ تم اس عودِ ہندی کو لازم جانو کہ اس میں سات طرح کی شفاء ہے ،عذرہ بیماری میں اس کا سعوط کیا جاتا ہے اور ذات الجنب میں لدود کرتے ہیں۔( رواہ البخاری)

عود کی خوشبو سونگھتے ہی سب سے پہلے حجر اسود اور غلاف کعبہ کا تصور ذہن میں آتا ہے۔ وہ خوش نصیب افراد جنہیں حج یا عمرے کی سعادت نصیب ہوئی ہے اور خانہ کعبہ میں حاضری کا موقع ملا ہے، انہوں نے دوران طواف حرم کے ماحول میں ایک مخصوص خوشبو رچی بسی محسوس کی ہوگی۔ یہ مخصوص خوشبو معطر غلاف کعبہ سے پھوٹتی ہے اور اس دھونی میں بھی ہوتی ہے جس کا اہتمام خاص اوقات میں حرم مکی میں کیا جاتا ہے۔ یہ دھونی بخور میں ایک مخصوص لکڑی میں موجود ریزش کے سلگنے سے اُٹھتی ہے۔ یہ عود (Oud) کی خوشبو ہے۔ یہ وہی عود ہے جسے اگر (Agar) کا نام بھی دیا جاتا ہے۔

عود EagleWood
انجیکشن کے ذریعے رال حاصل کی جارہی ہے
عود EagleWood
عود EagleWood کے ذریعے رال حاصل کی جارہی ہے
ڈرل کے ذریعے رال حاصل کی جارہی ہے
ڈرل کے ذریعے رال حاصل کی جارہی ہے
عود EagleWood
کٹ کے ذریعے رال حاصل کی جارہی ہے

Source: Nukta Guidance – www.nuktaguidance.com

نفع خاص:

جگر اور اعضائے رئیسا کے لیے مقوی ہے۔

کیمیاوی و غذائی  اجزا:

اگر میں فینولک مرکبات(Phenolic Compounds)، کرومونز (Chromones)اور سسکویٹرپینس(Sesquiterpenes) پائے جاتے ہیں۔

اگرووڈ ضروری تیل میں اہم فعال مرکبات:

اگاروسپرل(Agarospirol:): 20-25ملی گرام

یوڈزمول(Eudesmol):30-35ملی گرام

جنکو ایرمول(Jinko-eremol): 5-10 ملی گرام

ڈائی ہائیڈروگاروفورن(Dihydroagarofuran): 5-10 ملی گرام

کرومونز(Chromones): ~40-50 ملی گرام

فینیلتھائل کرومون(phenylethyl chromone  ): 10-20 ملی گرام فی گرام

اضافی کلیدی اجزاء:

بینزیلیسیٹون(Benzylacetone): 1-2 ملی گرام

سسکویٹرپینس(Sesquiterpenes): 60-80ملی گرام

معدنیات

کیلشیم: 10 ملی گرام فی 100 گرام

پوٹاشیم: 5 ملی گرام فی 100 گرام

میگنیشیم: 1 ملی گرام فی 100 گرام

عود EagleWood
عود EagleWood

اثرات:

اگر کی لکڑی غدد میں تحریک، عضلات میں تحلیل اور اعصاب میں تسکین پیدا کرتی ہے۔مولد صفراء، مقوی غدد و جگر، ملطف، مفتح اور مطیب دہن ہے۔ ملطف ہونے کی وجہ سے جسم میں جلدی سرایت کرتا ہے، مطیب ہونے کی وجہ سے منہ میں خوشبو پیدا کرتا ہے۔

عود EagleWood
عود EagleWood oil

خواص و فوائد

اگر کو جگر اور دیگر اعضائے رئیسا کے لیے مقوی خیال کیا جاتا ہے، کیونکہ طب کا ایک اصول ہے کہ اگر جگر میں اعتدال کے ساتھ تحریک قائم رہے تو جسم میں حرارت بنتی رہتی ہے جس سے باقی اعضائے رئیسا کو تقویت ملتی رہتی ہے۔یعنی جگر کی تقویت سے باقی اعضاء کو بھی تقویت ملتی ہے۔جگر کی تقویت معاون جوانی بلکہ اعادہ شباب کا ذریعہ بنتی ہے۔

اگر کو چبانا منہ کی بدبو کو دور کرتا ہے، اور دانتوں اور مسوڑھوں کے لیے مفید ہے، ماسخورہ کی بیماری میں بھی مفید ہے۔اپنی حرارت و تقویت کی وجہ سے نقرس، عرق النساء اور فالج میں ایک یقینی دوا ہے۔ اگر کی لکڑی کا پاوڈر جسم پر ملنے سے جوؤئیں ختم ہو جاتی ہیں۔کمرے میں چھڑکنے سے جوئیں، کٹھمل، پسو اور دیگر حشرات الارض بھاگ جاتے ہیں۔

عود EagleWood
عود EagleWood

اگر عضلاتی اور ترشی کے امراض میں بہت مفید ہے، سوزش معدہ، آنتوں کی سوزش، احتلام، کھانسی ، رعشہ اور بلغمی امراض میں  بہترین دوا ہے۔

چین میں اگر کی لکڑی اور تیل کو  کھانسی، ایکروپالیسس، دمہ اور اینٹی ہسٹامین کی مختلف ادویات میں شامل کیا جاتا ہے، کیونکہ اس کے تیل میں اینٹی مائیکروبل antimicrobial  خصوصیات پائی جاتی ہیں، جس کی وجہ سے اگر کا تیل ایک بہترین اینٹی سوزش تیل ہے۔ ہندوستان اور چین میں اسے ہاضمہ کی بیماریوں جیسے بھوک میں کمی، قے، اور اسہال کے ساتھ ساتھ سانس کی بیماریوں جیسے دمہ اور برونکائٹس کے علاج کے لیے بطور دوا استعمال کیا جاتا ہے۔

عود EagleWood
عود EagleWood

خواب آور ہے، ہڈی اور جوڑوں کے درد کو مفید ہے، مختلف اقسام کی الرجیز کے نافع ہے۔ ہاضمے کی خرابی دور کرتا ہے۔ کینسر اور جلدی امراض میں فائدہ کرتا ہے۔ جو لوگ مراقبہ یا اس قسم کی ذہنی مشقیں کرتے ہیں یا پاکیزگئ نفس کے خواہش مند ہیں انھیں بخورات عود و عنبر بہت فائدہ دیتے ہیں۔گھریلو بیویاں اگر شوہر کے گھر لوٹنے سے پہلے ذرا سا بخور عود سلگا دیا کریں تو یہ ذہنی تھکاوٹ بھگانے اور موڈ بلاوجہ خوشگوار کرنے کا سبب بھی بنتا ہے،‎اس کے پانچ ملی لیٹر آئل کی قیمت چارسو ڈالر ہوتی ہے۔

مقدار خوراک:

تین سے پانچ گرام

Important Note

اعلان دستبرداری
اس مضمون کے مندرجات کا مقصد عام صحت کے مسائل کے بارے میں بیداری پیدا کرنا ہے ، لہذا اسے آپ کی مخصوص حالت کے لیے مناسب طبی مشورے کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے۔ اس مضمون کا مقصد جڑی بوٹیوں اور کھانوں کے بارے میں تحقیق پر مبنی سائنسی معلومات کو شیئر کرنا ہے۔ آپ کو اس مضمون میں بیان کردہ کسی بھی تجویز پر عمل کرنے یا اس مضمون کے مندرجات کی بنیاد پر علاج کے کسی پروٹوکول کو اپنانے سے پہلے ہمیشہ لائسنس یافتہ میڈیکل پریکٹیشنر سے مشورہ کرنا چاہیے۔ ہمیشہ لائسنس یافتہ، تجربہ کار ڈاکٹر اور حکیم سے علاج اور مشورہ لیں۔

Leave Your Comment