
چرس
نام :
چرس کو عربی میں حشیش۔ فارسی میں عصارہ بنگ۔ بنگالی میں چوروک اور ہندی میں चरस کہتے ہیں۔

(تحریر و تحقیق: حکیم سید عبدالوہاب شاہ شیرازی)
نام انگلش:
Name: Charas
Scientific name: Cannabis sativa / Cannabis indica
Family: Cannabaceae
تاثیری نام: | مقام پیدائش: | مزاج طب یونانی: | مزاج طب پاکستانی: | نفع خاص: |
ممسک، مغلظ منی، مسکن ، مسکر، منشی، مخدر، مشتہی | ہند و پاکستان | خشک سرد درجہ چہارم | عضلاتی اعصابی |

تعارف:
چرس، بھنگ کے پودے کے پھولوں سے قدرتی طور پر خارج ہونے والی ایک گوندھ جیسی مادہ ہوتی ہے،یا بھنگ کے پتوں کی لیسدار رطوبت ہے جو بصورت شبنم جمی ہوتی ہے جو ہاتھوں سے رگڑنے یا دباتے ہوئے اکٹھی کی جاتی ہے۔چرس کا رنگ گہرا سبز، بھورا، سیاہی مائل ہوتا ہے جبکہ اس کی ساخت نرم، گوندھ دار، مومی یا چپچپی ہوتی ہے، اس کی خوشبو تیز، مخصوص بھنگ جیسی مہک اور ذائقہ کڑواہٹ لیے نشہ آور ہوتی ہے۔
قدیم ہندو متون (Atharva Veda) میں بھنگ کو مقدس سمجھا گیا ہے۔تبت، نیپال اور شمالی بھارت کے سادھو (فقراء) چرس کو روحانی ارتقاء کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔اسلامی تاریخ میں فقہاء نے اس کے نشہ آور ہونے کے سبب اس کے استعمال کو ممنوع (حرام) قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: چرچٹہ
یہ بھی پڑھیں: چربی
یہ بھی پڑھیں:چرائتہ

کیمیاوی و غذائی اجزا:
کیمیائی مرکبات
چرس میں موجود اہم فعال اجزاء کو کینابینوئڈز (Cannabinoids) کہا جاتا ہے، جن میں خاص طور پر درج ذیل قابل ذکر ہیں:
- ٹی ایچ سی (Δ9-Tetrahydrocannabinol) – سب سے مؤثر نشہ آور جزو
- سی بی ڈی (Cannabidiol) – غیر نشہ آور، مگر طبی اثرات رکھتا ہے
- سی بی این (Cannabinol) – نسبتا کمزور مگر نشہ آور اثر رکھتا ہے
- ٹرپینز (Terpenes) – خوشبو اور کچھ حیاتیاتی اثرات کے حامل
وٹامنز، منرلز
- وٹامن ای (Vitamin E) – چرس میں یہ وٹامن بہت تھوڑی مقدار میں موجود ہوتا ہے۔
- وٹامن کے (Vitamin K) –معمولی مقدار میں وٹامن کے پایا جا سکتا ہے۔
- پوٹاشیم – مقدار نہایت قلیل ہوتی ہے۔
- کیلشیم –معمولی مقدار میں ۔
- میگنیشیم – تھوڑی مقدار میں پایا جاتا ہے۔
- فیٹی ایسڈز (چکنائیاں) – جیسے لینولک ایسڈ اور اولیک ایسڈ۔یہ پودے کے گوندھ دار حصے میں قدرتی طور پر موجود ہوتے ہیں اور چرس کی ساخت اور جذب کی خاصیت کو متاثر کرتے ہیں۔
- کلوروفل – سبز رنگ دینے والا مرکب۔ چرس کا رنگ سبزی مائل یا سیاہی مائل ہوتا ہے، جس کی ایک وجہ اس میں موجود کلوروفل ہے، جو سورج کی روشنی سے غذا بنانے کے عمل (فوٹوسنتھیسز) میں کام آتا ہے۔
- پولی فینولز (Polyphenols) – اینٹی آکسیڈنٹ اثرات رکھنے والے مرکبات
اگرچہ چرس میں کچھ وٹامنز، منرلز اور قدرتی حیاتیاتی اجزا موجود ہوتے ہیں، لیکن یہ بہت کم مقدار میں ہوتے ہیں اور اس کے نشہ آور اثرات کی موجودگی کی وجہ سے اسے کسی بھی طور پر صحت بخش یا غذائی شے نہیں کہا جا سکتا۔

اثرات:
چرس محرک عضلات، محلل اعصاب اور مسکن جگر ہے۔ کیمیاوی طور پر خون میں سوداویت اور غلظت پیدا کرتی ہے، شدید سردی پیدا کرکے اعصاب کو سن کر دیتی ہے۔ ممسک، مغلظ منی، مسکن ، مسکر، منشی، مخدر ، مشتہی اثرات رکھتی ہے۔
خواص و فوائد
عضلاتی اعصبای ہونے کی وجہ سے شدید امساک پیدا کرتی ہے۔ چونکہ چوتھے درجے میں سرد خشک ہے اس لیے رطوبات کو غلیظ اور سرد کرکے اعصاب پر مخدر و مسکن اثر ڈالتی ہے، جس سے چرس کا نشہ طاری ہو جاتا ہے۔ چرس جسم میں سوداویت کو بڑھاتی ہے جس کی وجہ سے بھوک بہت زیادہ لگتی ہے، یہی وجہ ہے چرسی لوگ کھانا بہت زیادہ کھاتے ہیں۔چرس اگر زیادہ مقدار میں استعمال کی جائے تو بیہوشی اور حواس ظاہری و باطنی کو مکدر کرتی ہے۔اس کا کچھ عرصہ استعمال اس کا عادی بنا دیتا ہے۔
جدید سائنسی و تحقیقی فوائد
مثبت تحقیقات (بشرط اعتدال اور طبی دائرہ کار میں):
- درد کش دوا: THC اور CBD کی موجودگی سے چرس کو شدید درد (مثلاً کینسر، آرتھرائٹس) میں افاقہ کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔
- صرع (Epilepsy) میں مفید: خاص طور پر CBD پر مبنی دوا Epidiolex کو امریکی FDA نے منظور کیا ہے۔ کینسر کے مریضوں میں متلی اور بھوک کی کمی کے لیے چرس سے اخذ کردہ ادویات مفید ثابت ہوئی ہیں۔
- ذہنی بیماریوں میں تحقیق: کچھ مطالعات نے چرس کو ڈپریشن، اینزائٹی میں مددگار پایا، مگر نتائج متنازع ہیں۔
منفی اثرات (زیادتی یا غیر طبی استعمال میں):
- ذہنی امراض: لمبے عرصے کے استعمال سے شیزوفرینیا، پارانویا، اور ڈپریشن کا خطرہ بڑھتا ہے۔
- دماغی کارکردگی میں کمی: یادداشت، توجہ اور سیکھنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے، خاص طور پر نوجوانوں میں۔
- نشہ اور لت: THC کی مسلسل مقدار سے ذہنی اور جسمانی انحصار (addiction) پیدا ہو سکتا ہے۔
- پھیپھڑوں کے مسائل: دھواں پینے کی صورت میں دیگر تمباکو مصنوعات کی طرح خطرات لاحق ہوتے ہیں۔
عالمی اور مقامی قانونی حیثیت
پاکستان میں چرس اور بھنگ کا غیر قانونی استعمال انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت قابلِ سزا جرم ہے۔ کینیڈا، جرمنی، امریکہ کے کچھ ریاستوں میں چرس کو محدود طبی مقاصد کے لیے قانونی قرار دیا گیا ہے۔ اقوامِ متحدہ نے چرس کو Schedule I Narcotic Drugs میں رکھا ہے، لیکن 2020 میں WHO کی سفارش پر کچھ پابندیاں نرم کی گئیں۔
مقدار خوراک:
ممنوع ہے۔
Discover more from TabeebPedia
Subscribe to get the latest posts sent to your email.
Leave a Reply