داد مردن / داد بوٹی
نام :
عربی میں الشمعدان الاصفر۔ دم الاکبر۔ سندھی میں داد مار۔ اردو میں داد بوٹی، چراغ بوٹی۔ اور ہندی दादमुर्दन میں کہتے ہیں۔

(تحریر و تحقیق: حکیم سید عبدالوہاب شاہ شیرازی)
نام انگلش:
Name: Ringworm Shrub / Candle Bush
Scientific name: Senna alata
Family: Fabaceae
تاثیری نام: | مقام پیدائش: | مزاج طب یونانی: | مزاج طب پاکستانی: | نفع خاص: |
مخرش، جالی، مسہل ، تریاق حشرات الارض | بنگال، ہند و پاکستان | گرم خشک | غدی عضلاتی | امراض جلد |

تعارف:
داد مردن کا مطلب ہوتا ہے داد کو مارنے والا، یہ پودا زیادہ تر بنگال میں ہوتا ہے۔ یہ ایک سدا بہار جھاڑی ہے جو عموماً 2 سے 4 میٹر تک اونچی ہو جاتی ہے۔اس کا تنا اور شاخیں سیدھی اور مضبوط، ہلکی بھوری چھال والی ہوتی ہیں اور پتے بڑے، بیضوی یا لمبوتری شکل کے، جوڑوں کی شکل میں لگے ہوئے، ہرے اور نرم ہوتے ہیں جبکہ اس کے پھول سنہری پیلے رنگ کے بڑے خوشنما گچھے، جو شمع یا موم بتی کی شکل میں اوپر کو سیدھے کھڑے ہوتے ہیں۔ اسی وجہ سے اسے Candle Bush کہا جاتا ہے۔پھل/پھلی لمبی، سیدھی اور چوڑی پھلیاں، جن میں بیج قطاروں میں بھرے ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: خوب کلاں
یہ بھی پڑھیں: خولنجاں
یہ بھی پڑھیں: خوبانی

مختلف ملکوں میں اس کے مقامی نام اور استعمال ہیں:
- فلپائن میں اسے Akapulko کہتے ہیں اور یہ دوا اور آرائشی پودے دونوں طور پر استعمال ہوتا ہے۔
- سری لنکا میں یہ Ath-thora کہلاتا ہے اور روایتی سنہالی طب میں شامل ہے۔
- ملائیشیا میں اسے Gelenggang کہا جاتا ہے۔
- یوروبا (مغربی افریقہ) میں اسے Ewe àsùnwòn کے نام سے جانا جاتا ہے۔
یعنی یہ پودا دنیا کے مختلف خطوں میں بطور اینٹی فنگل، جلاب اور روایتی دوا کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔

کیمیاوی و غذائی اجزا:
- انتھراکوینونز (Anthraquinones)
یہ مرکبات بنیادی طور پر اس پودے کے پتوں اور پھلیوں میں پائے جاتے ہیں اور اینٹی فنگل و جلابی اثرات رکھتے ہیں۔
کرایزو فینول (Chrysophanol) ایلوایمرڈن (Aloe-emodin) فیزین (Physcion)
رین (Rhein) ایمرڈن (Emodin)
2. فلیوونائیڈز (Flavonoids)
یہ اینٹی آکسیڈینٹ اور اینٹی انفلامیٹری سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
کیمپفرول (Kaempferol) کوئرسیٹن (Quercetin) روتین (Rutin)
3. فینولک مرکبات (Phenolic compounds)
یہ جراثیم کش اور اینٹی آکسیڈینٹ خصوصیات فراہم کرتے ہیں۔
گیلک ایسڈ (Gallic acid) ٹیننز (Tannins)
4. اسٹیرولز (Sterols)
بیٹا سٹیرول (β-sitosterol) سٹگما سٹیرول (Stigmasterol)
5. دیگر مرکبات
گلائیکوسائیڈز (Glycosides) ٹیراپینز (Terpenes) الکلائیڈز (Alkaloids)
سیپوننز (Saponins)
6. اسٹیرائیڈز (Steroids)
یہ مرکبات جسمانی افعال پر اثرانداز ہوتے ہیں اور بعض اوقات ضد سوزش (anti-inflammatory) خصوصیات کے حامل ہوتے ہیں۔
7. اڑنے والے تیل (Volatile Oils)
پودے کے پتوں اور دیگر حصوں میں پائے جانے والے یہ قدرتی خوشبودار تیل جراثیم کش اور اینٹی وائرل سرگرمیوں کے حامل ہیں۔

اثرات:
داد مردن غدد میں تحریک، عضلات میں تحلیل اور اعصاب میں تسکین پیدا کرتا ہے۔ مخرش، جالی، مسہل قوی، دافع خشک کھانسی، تریاق حشرات الارض اثرات رکھتا ہے۔

خواص و فوائد
داد مردن کے فوائد اس کے نام سے واضح ہیں یعنی داد کو مارنے والا۔ یہ پودا خاص طور پر جلدی امراض خصوصاً داد (Ringworm) کے علاج کے لیے مشہور ہے۔ اسی نسبت سے انگریزی میں اسے Ringworm Bush کہا جاتا ہے۔ غدی عضلاتی چیزیں صفراء کو پیدا بھی کرتی ہیں اور جسم سٹور بھی کرتی ہیں، صفراء سوداء کا خاتمہ کرتا ہے، اور خارش، داد، چنبل وغیرہ امراض سوداء اور سردی خشکی کے امراض ہوتے ہیں، چنانچہ غدی عضلاتی چیزیں ان امراض و علامات کا علاج ہوتی ہیں۔ چونکہ داد چنبل کے مقام پر دوران خون کی کمی ہو جاتی ہےاور اس جگہ پر موٹی سیاہ تہہ سی بن جاتی ہے تو اس کا علاج یہ ہے کہ یہاں دوران خون کو بحال کیا جائے جس سے وہاں سردی خشکی ختم ہو جائے گی اور داد چنبل وغیرہ بھی ختم ہو جائے گا۔چونکہ داد مردن بہت ہی اعلیٰ درجہ کی مخرش اور جالی اور محرک جگر و مولد صفراء ہے اس لیے یہ داد چنبل کے تریاق کا درجہ رکھتی ہے۔
داد مردن کی تاثیر میں مسہل اثرات بھی شامل ہیں اس لیے قبض، بواسیر اور قولنج کے لیے بھی مفید ہے۔ اس کے علاوہ حشرات الارض جیسے کیڑے مکوڑوغیرہ کے کاٹے کے لیے بھی مفید ہےاس مقصد کے لیے اس کے پھولوں کا لیپ کیا جاتا ہے۔ اس کے پتوں اور پھولوں میں قدرتی اینٹی بیکٹیریل اور اینٹی فنگل خصوصیات ہیں۔ اسی لیے داد، خارش، ایگزیما، فنگس اور دیگر جلدی انفیکشن کے لیے پتوں کو پیس کر لیپ کیا جاتا ہے۔ بعض علاقوں میں دمہ اور کھانسی میں اس کا قہوہ استعمال کیا جاتا ہے۔
جدید سائنسی و تحقیقی فوائد
اوپر ذکر کردہ اس کے کیمیاوی، حیاتیاتی اور بائیو ایکٹو اجزا کی بدولت بدولت داد مردن( Senna alata )میں درج ذیل خصوصیات پائی جاتی ہیں:
- اینٹی فنگل (داد اور فنگسی انفیکشن کے خلاف مؤثر)
- اینٹی بیکٹیریل (جراثیم کش)
- اینٹی آکسیڈینٹ (جسم کو فری ریڈیکلز سے بچاتا ہے)
- اینٹی انفلامیٹری (سوزش کم کرنے والا)
- ہلکا جلاب (mild laxative effect)
- اینٹی وائرل (Antiviral): بعض مطالعات میں Senna alata کے عرق نے وائرس کے خلاف مزاحمت دکھائی ہے۔
- اینٹی کینسر (Anticancer): اس کے بائیو ایکٹو مرکبات نے کچھ تجربات میں کینسر سیلز کی افزائش کو روکنے کی صلاحیت ظاہر کی ہے۔
- ہیپاٹو پروٹیکٹیو (Hepatoprotective): اس کے اجزاء جگر کو زہریلے اثرات سے محفوظ رکھنے اور اس کی صحت بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوئے ہیں۔
- اینٹی مالارئیل (Antimalarial):کچھ تحقیق میں ملیریا کے جراثیم (Plasmodium species) پر اس کے عرق نے مثبت اثر دکھایا ہے۔
- کرم کش / اینتھیلمینٹک (Anthelmintic): اس کے پتوں اور عرق میں آنتوں کے کیڑوں کو ختم کرنے کی خصوصیات بھی پائی گئی ہیں۔
حوالہ: PubMed۔

مقدار خوراک:
چھال دو گرام۔ پتے تین گرام
Discover more from TabeebPedia
Subscribe to get the latest posts sent to your email.
Leave a Reply