Emergency Help! +92 347 0005578
Advanced
Search
  1. Home
  2. ایسی اصطلاحات جو بطور علاج بولی جاتی ہیں۔
ایسی اصطلاحات جو بطور علاج بولی جاتی ہیں۔

ایسی اصطلاحات جو بطور علاج بولی جاتی ہیں۔

  • September 13, 2024
  • 0 Likes
  • 59 Views
  • 0 Comments

ایسی اصطلاحات جو بطور علاج بولی جاتی ہیں۔

Hakeem Syed Abdulwahab Shah

(تحریر و تحقیق: حکیم سید عبدالوہاب شاہ)

آب زن کرنا

آب زن  کرنے کا مطلب ہے نیم گرم پانی میں یا پانی میں مختلف ادویات شامل کرکے مریض کو اس پانی میں بطور علاج بٹھانا۔

اکتحال(collyrium)

کحل سرمہ کو کہتے ہیں، اکتحال کرنے سے مراد بطور علاج کسی دوا کو سرمے کی طرح آنکھوں میں لگانا ہے۔

انکباب (take steam)

انکباب کا مطلب ہے بھاپ لینا۔ گرم پانی میں ادویات ڈال کر بطور علاج بھاپ لینا۔

بخور۔ Fumigation

بخور کا مطلب ہے دھونی لینا۔ کسی دوا کو آگ پر ڈال کر کسی عضو مثلا ناک کان وغیرہ یا تمام جسم پر اس کا دھواں پہنچانا۔

بدرقہ۔

وہ دوا جو کسی دوا کے اثر کو زیادہ کرنے کے لیے دوا کے ساتھ ملائی جاتی ہے۔

برود۔

سرد مزاج ادویات کو پوٹلی میں باندھ کر جسم پر پھیرنا۔

پاشویہ۔

پاشویہ کا مطلب ہے ادویات کو نیم گرم پانی میں شامل کرکے پاؤں دھونا اور پنڈلیوں پر مالش کرنا۔

تدہین۔

تدہین کا مطلب تیل کی مالش ہے۔ یعنی کسی عضو پر نیم گرم تیل یا عام تیل سے مالش کرنا۔

تصعید۔

تصعید کا معنی ہے جوہر اڑانا۔ یعنی کسی مضر چیز جیسے پارہ، رسکپور، سنکھیا، لوبان وغیرہ کے اجزائے لطیفہ کو عمل تصعید کے ذریعے اڑانا۔

تعلیق۔

تعلیق کا معنی ہے لٹکانا۔ یعنی کسی دوا کو بطور علاج کے گردن میں لٹکانا یا کسی اور عضو میں لٹکانا یا باندھنا۔

تکلیس کرنا/کشتہ کرنا

کسی دھات یا پتھر کو اتنی آگ دینا کہ وہ اپنی سختی کو چھوڑ کر آسانی سے پیسی جا سکے۔ اس عمل کو تکلیس یا کشتہ کرنا کہا جاتا ہے۔

تمریخ۔

تمریخ کا مطلب ہے کسی دوا کو جسم پر ملنا یا مالش کرنا۔

جوشاندہ۔

کسی دوا کو پانی میں جوش دے کر چھان لیتے ہیں، جس سے دوا کا اثر پانی میں منتقل ہو جاتا ہے، اس پانی کو جوشاندہ کہتے ہیں۔

حُقنہ۔

حقنہ کا مطلب ہے پچکاری کے ذریعے یعنی پیشاب کے راستے سے کسی دوا کو آنتوں یا رحم تک پہنچانا۔

حَمول۔

کسی کپڑے کو دوائی کے ساتھ تر کرکے عورت کی اندام نہانی(شرمگاہ) میں رکھنا۔

ذَرور۔

ذرور کا مطلب ہے چٹکی چھڑکنا۔ یعنی کسی خشک یا پسی ہوئی دوا کو زخم پر چھڑکنا۔

سعوط۔

کسی دوا کو ناک میں ٹپکانا۔

سکوب۔

کسی عضو پر اونچی جگہ سے دھار کی صورت میں ٹھہر ٹھہر کر نیم گرم پانی یا دوا کے جوشاندہ کا تریڑا دینا۔(فوارہ دینا)

سَنون۔

سنون کا معنی ہے منجن۔ یعنی وہ خشک پسی ہوئی دوا جو دانتوں پر لگائی جاتی ہے۔

شافہ۔

شافہ یعنی بتی دینا۔یعنی کپڑے یا روئی وغیرہ میں دوائی لگا کر مقعد(شرمگاہ) میں رکھنا۔

شَدّ الاطراف۔

یعنی ہاتھ پاؤں باندھنا۔ وہ عمل جس میں بطور علاج کے بغلوں سے لے کر ہاتھ تک پٹیوں سے باندھ دیا جاتا ہے، اسی طرح رانوں سے لے کر پاؤں تک باندھ دیا جاتا ہے۔ایسا ہذیان بخارں میں کیا جاتا ہے۔

شموم۔

شموم کا معنی ہے سونگھنا۔ کوئی چیز بطور علاج کے سونگھنا۔

شیرہ۔

ادویات کو پانی میں پیس کر چھان لینا۔

ضماد۔

ضماد کا مطلب ہے لیپ یا پیسٹ۔ تر اور گاڑھی پسی ہوئی دوا کو جسم یا کسی خاص عضو پر لیپ کرنا۔

طلا۔

طلا بھی لیپ کرنے کو کہا جاتا ہے لیکن ہلکے لیپ کو طلا کہا جاتا ہے، عام طور پر عضو خاص پر لیپ کرنے کو طلا کرنا کہا جاتا ہے۔

عطوس۔

عطوس کا مطلب چھینک لانا ہوتا ہے۔ یعنی کسی دوا کو سونگھ کر یا منہ ، ناک میں رکھ کر چھینک لائی جاتی ہے۔

فتیلہ۔

فتیلہ بطور علاج کسی دوا کو کپڑے یا روئی پر لگا کر جسم کے سوراخ میں رکھنا، مثلا ناک، کان، یا زخم کا سوراخ۔

فرزجہ۔

فرزجہ کا وہی مطلب ہے جو اوپر شافہ کا بیان ہوا ، یعنی دوا کپڑے پر لگا کر شرمگاہ میں رکھنا، فرزجہ عام طور پر عورتوں کے لیے بولا جاتا ہے، جبکہ شافہ میں مقعد بھی شامل ہے۔

قطور۔

قطور کا مطلب ہے قطرے ٹپکانا، یعنی جسم کے کسی سوراخ میں دوائی کے قطرے ٹپکانا، جیسے آنکھ، کان، ناک وغیرہ۔

کاجل۔

کاجل کا مطلب ہے دوا کو کسی کپڑے وغیرہ پر لگا کر آنکھ میں لگانا۔

کحل۔

کحل یا اکتحال یعنی سرمہ کی طرح آنکھ میں لگانا۔

کماد۔

کماد کا مطلب ہے سینک دینا۔ یعنی کسی دوا کو کپڑے میں لپیٹ کا جسم کی ٹکور کرنا۔

لخلخہ۔

یعنی وہ پتلی اور خوشبودار دوا جو چوڑے منہ والی شیشی میں رکھ کر سونگھی جاتی ہے۔

لُطوخ۔

لطوخ کا مطلب بھی ضماد اور طلا کی طرح ہے یعنی لیپ لگانا۔

مغلی۔

مغلی کا مطلب جوشاندہ ہے، یعنی دوا کو پانی میں ابال کر استعمال کرنا۔

مَضَمضہ۔

مضمضہ کا مطلب ہے کلی کرنا۔ کسی دوا کو پانی میں ڈال کر اس کی کلی کرنا۔

ماء الاصول:

یعنی جڑوں کا پانی۔ کسی بھی بوٹی کی جڑ کا پانی۔

نُشوق۔

وہ تر دوا جو ناک میں ڈال کر سڑکی جائے۔(ناک کی کلی کرنا)

نُطول۔

نطول کا وہی مطلب ہے جو اوپر سکوب کا بیان ہوا یعنی تریڑا دینا۔ یعنی دوائی والا پانی دور سے دھار اور فوار کی طرح مریض پر ڈالنا۔

نُفوخ۔

نفوخ کا معنی ہے پھونکنا۔ یعنی کسی خشک دوا کو ناک یا کسی اور عضو پر پھونکنا۔

نُقوع۔

کسی دوا کو کچھ عرصہ پانی میں بھگو کر رکھنا اور پھر چھان کر استعمال کرنا۔

وجور۔

وجور کا مطلب ہے کسی دوا کو مریض کے حلق میں ٹپکانا۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

Important Note

اعلان دستبرداری
اس مضمون کے مندرجات کا مقصد عام صحت کے مسائل کے بارے میں بیداری پیدا کرنا ہے ، لہذا اسے آپ کی مخصوص حالت کے لیے مناسب طبی مشورے کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے۔ اس مضمون کا مقصد جڑی بوٹیوں اور کھانوں کے بارے میں تحقیق پر مبنی سائنسی معلومات کو شیئر کرنا ہے۔ آپ کو اس مضمون میں بیان کردہ کسی بھی تجویز پر عمل کرنے یا اس مضمون کے مندرجات کی بنیاد پر علاج کے کسی پروٹوکول کو اپنانے سے پہلے ہمیشہ لائسنس یافتہ میڈیکل پریکٹیشنر سے مشورہ کرنا چاہیے۔ ہمیشہ لائسنس یافتہ، تجربہ کار ڈاکٹر اور حکیم سے علاج اور مشورہ لیں۔


Discover more from TabeebPedia

Subscribe to get the latest posts sent to your email.

Leave a Reply

Discover more from TabeebPedia

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading