بادام شیریں
نام:
اردو میں بادام۔ فارسی میں بادام شیریں۔ عربی میں لوزالحلو۔ کہتے ہیں۔

(تحریر و تحقیق: حکیم سید عبدالوہاب شاہ شیرازی)
نام انگلش:
Name: Almonds Sweet
Scientific name: Prunus dulcis
Family: Rosaceae
تاثیری نام: | مقام پیدائش: | مزاج طب یونانی: | مزاج طب پاکستانی: | نفع خاص: |
| محرک دماغ، مولد رطوبات | پاکستان، افغانستان، کشمیر، ایران | تر گرم | اعصابی غدی | دماغ کے لیے مفید ہے۔ |

تعارف:
بادام کسی تعارف کا محتاج نہیں ہر کوئی اسے جانتا اور پسند کرتا ہے، عام طور پر اسے دماغی طاقت کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، اور بچوں کی پسندیدہ چیز ہے۔ بادام کا درخت کافی بڑا ہوتا ہے، اور سرد علاقوں میں پایا جاتا ہے۔ اخروٹ کے طرح چھلکے والا پھل لگتا ہے پکنے پر چھلکا پھٹ کر اتر جاتا ہے اور اندر سے بادام برآمد ہوتا ہے، پھر اس بادام کو توڑ کر اس کے اندر سے بادام کی گری نکلتی ہے جسے کھایا جاتا ہے۔ بادام کی کئی اقسام ہیں، جیسے کاٹھا بادام، کاغذی بادام ، امریکن بادام وغیرہ۔کاٹھا بادام بہت سخت چھلکے والا ہوتا ہے عام طور پر اسے ہتھوڑے وغیرہ سے توڑنا پڑتا ہے لیکن اس کی گری بہت لذیذ اور روغن سے بھری ہوتی ہے، جبکہ اس کے مقابلے میں کاغذی بادام ہاتھ اور دانٹ سے بھی آسانی سے ٹوٹ جاتا ہے اور اسی وجہ سے مہنگا ہوتا ہے، لیکن مٹھاس میں سخت بادام کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔ اسی طرح امریکن بادام جو عام طور پر گری کی صورت میں ملتا ہے سب سے مہنگا ہوتا ہے، لیکن مجھے خود امریکا کے ایک دوست نے بتایا کہ یہاں امریکا میں ایسی مشینیں لگی ہوئی ہیں کہ وہ بڑی باریکی کے ساتھ گری میں سے روغن نکال لیتے ہیں اور پھر یہ روغن سے خالی گریاں پاکستان و ہندوستان میں بھیج دیتے ہیں جہاں امریکن بادام کے نام پر اصل بادام سے بھی مہنگی بکتی ہیں۔ اس کا تجربہ آپ خود بھی روغن نکال کر کرسکتے ہیں، کہ امریکن بادام سے لوکل بادام کے مقابلے میں بہت کم روغن نکلتا ہے، اس لیے لوکل بادام ہی بہترین بادام ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بادام تلخ
یہ بھی پڑھیں:باجرہ
یہ بھی پڑھیں: بابونہ / کیمومائل
کیمیاوی و غذائی اجزا:
میٹھے بادام میں غذائی، کیمیائی اور بائیو ایکٹو اجزا کی ایک متوازن مقدار پائی جاتی ہے۔ اس کے اہم چکنائی والے اجزا میں اومیگا نائن فیٹی ایسڈ یعنی اولیک ایسڈ (Oleic acid) غالب ہوتا ہے، اس کے ساتھ لینولیک ایسڈ (Linoleic acid) بھی شامل ہے جو صحت کے لیے مفید سمجھا جاتا ہے۔ پروٹینز میں امیونو ایسڈز (Amino acids) جیسے آرگینین (Arginine) نمایاں ہیں جو جسمانی بافتوں کے لیے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
بادام میں مختلف پولی فینولز (Polyphenols) اور فلیونوئڈز (Flavonoids) بھی پائے جاتے ہیں جو نباتاتی بائیو ایکٹو مرکبات میں شمار ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ فینولک ایسڈز (Phenolic acids) جیسے کیفیک ایسڈ (Caffeic acid) اور فیرولک ایسڈ (Ferulic acid) بھی موجود ہوتے ہیں۔
اگر وٹامنز کی بات کی جائے تو میٹھے بادام میں وٹامن ای، وٹامن بی ون، وٹامن بی ٹو، وٹامن بی تھری اور وٹامن بی سکس شامل ہیں۔ منرلز میں کیلشیم، میگنیشیم، فاسفورس، پوٹاشیم، آئرن، زنک اور کاپر پائے جاتے ہیں۔ مزید برآں بادام میں غذائی فائبر (Dietary fiber)، فائٹو اسٹرولز (Phytosterols) اور قدرتی اینٹی آکسیڈنٹ مرکبات بھی شامل ہوتے ہیں، جو اسے ایک غذائی اور نباتاتی اعتبار سے اہم بیج بناتے ہیں۔

اثرات:
محرک دماغ و اعصاب، مولد رطوبات صالحہ ۔ بادام دماغ و اعصاب کے لیے محرک یعنی تحریک دینے والاہے ، اور جگر و غدد کو تحلیل کرتا ہے اور دل و عضلات کو تسکین دیتا ہے۔جسم سے صفراء کو نکالتا ہے اور جسم میں رطوبات صالحہ پیدا کرتا ہے۔
خواص و فوائد
بادام اعلیٰ درجے کا ملین ہے، پیٹ کو نرم کرتا ہے، دماغ کو تقویت دیتا ہے۔ جسم کو موٹا کرتا ہے۔ دماغ و اعصاب کے لیے بہترین محرک ہے۔ خشک کھانسی کے لیے بہت مفید ہے، جسم سے صفراء کا اخراج کرتا ہے، اس لیے پیلیا میں مفید ہے۔ بلغم کو پیدا کرتا ہے۔ مثانہ کی جلن، سوزاک کے زخم اور پیچش وغیرہ میں مفید ہے۔ چونکہ بادام رطوبات پیدا کرتا ہے، اس لیے حاملہ عورت کو چھٹے ساتویں مہینے سے کھلانا شروع کریں تو بچہ کی پیدائش میں بہت آسانی ہوتی ہے۔ بادام کا تیل سر پر لگانے سے نیند آنے میں آسانی ہوتی ہے، دماغ کو تقویت ملتی ہے اور نظر تیز ہوتی ہے۔
جدید سائنسی تحقیقات
میٹھا بادام ایک غذائیت سے بھرپور اور توانائی بخش بیج ہے جو دل اور دماغ دونوں کے لیے فائدہ مند ہے۔ اس کا باقاعدہ اور معتدل استعمال دل کی صحت کو بہتر بناتا ہے اور خون میں کولیسٹرول کی سطح کو متوازن رکھنے میں مدد دیتا ہے، جس سے شریانیں مضبوط رہتی ہیں اور دل کے دورے کے خطرے کو کم کیا جا سکتا ہے۔ بادام جسمانی توانائی بڑھانے اور روزمرہ کی تھکن کو کم کرنے میں بھی مددگار ہے۔ یہ ہاضمہ کو بہتر کرتا ہے اور پٹھوں کی صحت کو سہارا دیتا ہے، جس سے جسمانی کارکردگی میں اضافہ ہوتا ہے۔
یہ دماغی صحت کے لیے بھی مفید ہے، کیونکہ یہ یادداشت، توجہ اور عمومی ذہنی تندرستی کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ علاوہ ازیں، اس کا باقاعدہ استعمال ہڈیوں کی مضبوطی اور اعصابی نظام کی فعالیت کو بھی بہتر بناتا ہے۔ سائنسی تحقیقات کے مطابق بادام کے استعمال سے دماغ میں اعصابی خلیات کی حفاظت اور تاثر دینے والے نیورو ٹرانسمیٹرز کی فعالیت بہتر ہوتی ہے، جس سے سوچنے، یاد رکھنے اور مسائل حل کرنے کی صلاحیت میں بہتری آتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ روایتاً بادام کو بچوں، طالب علموں اور بزرگوں کے لیے حافظے اور دماغی کارکردگی بڑھانے والی غذائی غذا مانا جاتا ہے۔
حوالہ جات:
pmc | |
| https://pubmed.ncbi.nlm.nih.gov/17867638/ | pubmed |
مقدار خوراک:
بادام صرف دوا نہیں بلکہ دوائے غذا ہے اس لیے اس کی زیادہ مقدار بھی استعمال کی جاسکتی ہے۔آپ 25گرام سے 60گرام تک ایک وقت میں کھا سکتے ہیں۔
Discover more from TabeebPedia
Subscribe to get the latest posts sent to your email.




Leave a Reply